پشاور(نیوز رپورٹر) ایسوسی ایشن انٹرنیشنل لائرزپاکستان کے جنرل سیکرٹری ناصر غلزئی ایڈوکیٹ نے عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان میں نامساعد حالات کے باوجودصحافی بہترین طریقے سے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اورملکی مسائل کو اجاگر کرنے میں کردار ادا کررہے ہیں۔ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ناصر غلزئی اورسیکرٹری اطلاعات جاویداقبال نے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ ان کی تنظیم آزادی صحافت، صحافیوں کے تحفظ اور عوام کو سچ جاننے کے حق سے متعلق اپنے عہد کی پاسداری کےلئے ہمیشہ پرعزم رہی ہے۔ عالمی یوم آزادی صحافت ہمیں یاد دلاتا ہے کہ صحافت محض پیشہ نہیں بلکہ ایک عوامی خدمت ہے ، آمریت کے خلاف ڈھال اور جمہوری معاشروں کےلئے زندگی کی علامت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب کسی ناانصافی پر خاموشی اختیار کی جائے یا جب سچ کو دبایا جائے تو درحقیقت آزادی مجروح ہوتی ہے۔