پشاور(وقائع نگار)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عون علی سید نے صنعتوں کی ترقی اور بے روزگاری میں کمی کے لیے تجویز دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شرح سود میں مزید کمی لاتے ہوئے اسے سنگل ڈیجیٹ کیا جائے، اسٹیٹ بنک کے پاس موجودہ حالات میں پالیسی ریٹ سنگل ڈیجیٹ کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ شرح سود میں کمی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کیونکہ ایسا کرنے سے پیسے کی سرکولیشن میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اشاریے مثبت سمت میں گامزن ہیں ایسے میں مہنگائی بڑھنے کی شرح میں بھی کمی ہوئی ہے۔ موجودہ حالات میں رواں ماہ شرح سود سنگل ڈیجیٹ میں لانے کے بہترین مواقع ہیں۔ اگر ایسا ممکن ہوا تو بنکوں میں پڑے ہوئے پیسے کی سرکولیشن اور صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ہوگا جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انکا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بنک کے پاس پالیسی ریٹ 7 فیصد پر لانے کی گنجائش موجود ہے، 5 مئی کو ہونے والے اجلاس میں شرح سود میں کمی کا اعلان ہونا چاہیے تاکہ بزنس کمیونٹی سمیت ملک کی عوام کو ریلیف مل سکے ۔