پشاور(کرائم رپورٹر) تھانہ انقلاب کے علاقے میں سینئر قانون دان کے قتل کے الزام میں گرفتار اس کے جواں سالہ بیٹے سے تفتیش جاری ہے جبکہ ملزم کو آج دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ27 اپریل کو مدعی میاں عاقب شاہ نے رپورٹ کی تھی کہ وہ والد میاں جمال شاہ ایڈووکیٹ کے ہمراہ گاڑی میں جارہا تھا اس دوران نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تاہم تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ فائرنگ گاڑی کے اندر سے ہوئی ہے اورپولیس نے باپ کے قتل الزام میں ملزم عاقب کو گرفتار کیاہے ۔پولیس نے بتایاکہ ملزم نے دوران تفتیش بیان دیا ہے کہ والد گھر میں لڑائی جھگڑے کرتا تھا اور والدہ کو خرچہ نہیں دیتا تھا تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم مہنگی ریس والی موٹرسائیکلیں خریدنے کا شوقین تھاجس نے والدسے چھپ کر10لاکھ کی ایک موٹرسائیکل خریدی اوراسے قریبی فلنگ اسٹیشن میں کھڑی کرتا تھا۔والد اسے ان کاموں سے منع کرتا تھا۔ ملزم عاقب نویں جماعت کا طالبعلم بتایاجاتا ہے ۔اسے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر آج دوبارہ عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔