پشاور(کرائم رپورٹر)تھانہ ٹائون کے علاقے میں مستورات کے تنازع پر مسلح شخص نے گھر کے اندر گھس کر خواتین پر فائرنگ کردی جس سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ دوسری بال بال بچ گئی۔ واردات کے بعد ملزم فرار ہوگیا تھا، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ تھانہ ٹاون پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئے مسماۃ (ج) زوجہ فضل منان نے بتایاکہ مسماۃ زینب زوجہ وآصف ساکن پاوکہ اس کی بہو تھی اور وہ ابوبکرزئی پاوکہ میں رہائش پذیر ہیں۔ اس کی بہو گھر میں کپڑے دھورہی تھی اس دوران ملزم عمران ساکن گلبرگ نمبر4مسلح ان کے گھر میں داخل ہوا جسے دیکھنے پر بہو ڈرکر کمرے کی طرف دوڑی۔ ملزم نے اس کا پیچھا کرتے ہوئے کمرے کے اندر جاکربہو پر فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر جاں بحق جبکہ کمرے میں موجود اس کی دوسری بہو زوجہ ابراہیم بال بال بچ گئی۔ انہوں نے بتایاکہ وجہ عناد مستورات کا تنازع ہے ۔پولیس نے نعش پوسٹمارٹم رپورٹ کیلئے منتقل کرکے ملزم کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی ہے ۔