صنعا،کراچی(اے ایف پی، نیوز ڈیسک) یمن کےحوثیوں نے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کے مرکزی بن گوئیر ائیر پورٹ پر بیلسٹک میزائل داغ دیا، امریکا اور اسرائیل کے اینٹی میزائل نظام حوثیوں کامیزائل حملہ روکنے میں ناکام رہے،اسرائیلی فوجی ذرائع کے مطابق تل ابیب میں بن گورین ائیر پورٹ کی حدود میں پہلی بار میزائل آکر لگا، حملے کے نتیجے میں 6افراد زخمی ہوگئے جبکہ زمین پر کئی فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا ، ائیر پورٹ کوایک گھنٹہ کیلئے بند کردیا گیا، امریکا، بھارت ، برطانیہ اور دیگر ممالک نے اسرائیل کیلئے پروازیں منسوخ کردیں، حوثیوں نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے حملے میں ہائپر سونک میزائل استعمال کیا اور یہ حملہ غزہ کے فلسطینیوں کی حمایت میں کیا گیا ہے ، آئندہ بھی اسی طرح کے حملے کرتے رہیں گے، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حملے کے بعد حوثیوں اور ان کی حمایت کرنے والے ایران کیخلاف جوابی کارروائی کی دھمکی دی ہے، ایران کے وزیر دفاع عزیز نصیر زادےنے اسرائیل کی دھمکی کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا یا اسرائیل نے اس پر حملہ کیا تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، حماس نے حوثیوں کی تعریف کی ہے، "القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے ایک بیان میں کہا کہ یمن ناجائز صہیونی ریاست کے قلب پر اپنے حملوں میں اضافہ کر رہا ہے، دنیا کے جدید ترین دفاعی نظاموں کو پیچھے چھوڑ رہا ہے اور اپنے اہداف کو درستگی سے نشانہ بنا رہا ہے۔" تفصیلات کے مطابق اسرائیلی اخبار نے جنگی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ امریکا کا دفاعی میزائل نظام’ تھاڈ‘ اور اسرائیلی دفاعی میزائل نظام ’ایر و ائیر ڈیفنس سسٹم‘ میزائل کو روکنے میں نام رہے ۔اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ یہ پہلی بار ہے کہ کوئی میزائل ائیر پورٹ کے احاطے میں آکر گرا ہے، اس سے قبل حزب اللہ کی جانب سے فائر کیا گیا میزائل ائیر پورٹ کی پارکنگ پر آکر لگا تھا ۔اسرائیلی فضائیہ کا کہنا ہے کہ اس کے ڈیفنس سسٹم نے کئی بار میزائل کو روکنے کیلئے میزائل داغے تاہم وہ اسے روکنے میں ناکام رہے، واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ۔