• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصور کاکڑ کی بازیابی میں حکومت و ادارے ناکام ہوچکے، سید امان شاہ

کوئٹہ(پ ر)عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی کنوینئر و قبائلی شخصیت سید امان شاہ نے سات ماہ قبل اغواء ہونے والے معصوم بچے مصور کاکڑ کی تا حال عدم بازیابی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک انسانی المیہ ہے جس پر حکومتی اور سیاسی جماعتوں کی خاموشی قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصور کاکڑ کا اغواء ایک سنگین جرم ہے، جسے کسی طور بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ یہ کسی ایک خاندان کا نہیں بلکہ پورے معاشرے کا مسئلہ ہے سات ماہ سے ایک ماں اپنے بچے کی راہ تک رہی ہے اور ہم خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور حکومت اس کیس میں مکمل طور پر ناکام ہیں۔ اگر یہی واقعہ کسی بااثر حکومتی شخصیت کے بچے کے ساتھ ہوتا تو شاید وہ چند دنوں میں بازیاب ہو جاتا، لیکن چونکہ مصور کاکڑ ایک عام شہری کا بچہ ہے، اس لیے کوئی سننے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی ہر فورم پر مصور کاکڑ کا کیس اٹھائے گی اور مظلوم خاندان کی آواز بنے گی۔ ہم نے قبائلی جرگہ بلانے پر بھی غور شروع کر دیا ہے تاکہ اجتماعی دباؤ کے ذریعے حکام کو متحرک کیا جا سکے۔
کوئٹہ سے مزید