بھارتی اداکارہ وانی کپور کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے فلم ’عبیر گلال‘ سے متعلق تمام پوسٹس غائب ہوگئیں۔
بالی ووڈ اداکارہ وانی کپور اور پاکستان کے مقبول ترین اداکاروں میں سے ایک فواد خان کی آنے والی فلم ’عبیر گلال‘ پر سائے مزید گہرے ہوگئے ہیں۔ یہ فلم جہاں فواد خان کی 9 سال بعد بالی ووڈ واپسی کا ذریعہ بننے جا رہی تھی، وہیں اب اس پر تنازع کھڑا ہو چکا ہے۔
حال ہی میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حملے کے بعد نا صرف پاک بھارت تعلقات مزید کشیدہ ہو گئے ہیں بلکہ فلم ’عبیر گلال‘ بھی شدید تنقید اور بائیکاٹ کی زد میں آ چکی ہے، اسی کشیدہ ماحول میں وانی کپور کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے فلم سے متعلق تمام پوسٹس غائب ہو گئیں۔
سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں کہ وانی کپور نے فواد خان اور فلم ’عبیر گلال‘ کا تشہیری مواد جان بوجھ کر ڈیلیٹ کردیا ہے تاکہ کسی ممکنہ تنازع یا تنقید سے بچا جاسکے۔
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ فلم سے متعلق پوسٹس اصل میں انسٹاگرام کولیبریشن کے ذریعے شیئر کی گئی تھیں اور انہیں فلم کی پروڈکشن ٹیم نے اپنے اختیارات کے تحت حذف کیا۔
پہلگام حملے کے بعد بھارتی فلمی ادارے فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سِنے ایمپلائز (FWICE) نے ایک بار پھر پاکستانی فنکاروں کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ فلم 9 مئی 2025ء کو پاکستان اور بھارت میں ریلیز ہونی تھی۔