کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہرکے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں کمسن بچی سمیت 3افراد جاں بحق اور خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے ،تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹاؤن نمبر چار میں ٹریفک حادثے میں ڈیڑھ سالہ سُہانہ دختر ظہیر جاں بحق، 40 سالہ شاہدہ زوجہ ظہیر زخمی ہو گئی ،پولیس نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق موٹر سائیکل کا توازن بگڑنے سے حادثہ پیش آیا ،شارع فیصل وائر لیس گیٹ پل نجی یونیورسٹی کے سامنے ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوارجاں بحق ہو گیا،پولیس کا کہنا ہے عینی شاہدین کے مطابق حادثہ موٹر سائیکل کے شارع پر کھڑ ے خراب ٹینکرسے ٹکرانے کے باعث پیش آیا ، گلشن حدید مچھلی مارکیٹ شہاب پمپ کے قریب ٹریفک حادثہ میں25سالہ شعیب ولد شہزاد جاں بحق ہوگیا، پی ایف بیس کے مرکزی گیٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں اے ایس آئی توفیق ارشاد ولد قدرت اللہ زخمی ہو گیا ، علاوہ ازیں فیڈرل بی ایریا بلاک 22 شاہین کالونی لیاری ندی سے 13 سالہ بچے کی ڈوبی ہوئی لاش ملی ، پولیس کے مطابق جاں بحق بچے کے جسم پر صرف شرٹ موجود ہے، جس جگہ سے لاش ملی وہاں پر مویشیوں کے باڑے اور کچی آبادی کے رہائشیوں سے بچے کے متعلق معلوم کیا لیکن ابتک کسی نے بچے کو شناخت نہیں کیا نہ ہی بچے سے کوئی ایسی چیز ملی جس سے شناخت ہوسکے، لاش کئی گھنٹے پانی میں رہنے کی وجہ سے پھول گئی ہےبظاہر بچے پر کسی قسم کا تشدد نظر نہیں آرہا ہے ، لاش کو پوسٹ مارٹم ر ضابطے کی کاروائی کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ،دریں اثنا جمشید کوارٹرز کے علاقے جیل چورنگی کے قریب واقع پردہ پارک کے اندر سے40سالہ نصرت زوجہ ناصر کی لاش برآمد ہوئی جسے جناح اسپتال لایا گیا ،ابتدائی طور پر وجہ موت طبعی بتائی جاتی ہے، گلستان جوہر بلاک 13 میں واقع گھر سے کئی روز پرانی62 سالہ میر اشرف علی کی لاش ملی تعفن پھیلنے پر علاقہ مکینوں نے پولیس کو اطلاع دی،پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر موت طبعی معلوم ہوتی ہے،متوفی گھر میں اکیلا مقیم تھا ، بہادر آباد 4 مینار چورنگی کے قریب فٹ پاتھ سے28 سالہ نامعلوم نشے کے عادی شخص کی لاش ملی جسے سردخانے منتقل کیا گیا۔