• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں 4 میں سے ایک جوڑا بانجھ پن سے دوچار، سیمینار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں ہر چار میں سے ایک جوڑا بانجھ پن جیسے سنگین مسئلے سے دوچار ہے جس کی سب سے بڑی وجہ خواتین میں تیزی سے بڑھتا ہوا مرض ʼپولی سسٹک اووری سنڈروم ہے جو تولیدی عمر کی تقریباً 52 فیصد خواتین کو متاثر کر رہا ہے،ان خیالات کا اظہارماہر امراض نسواں ڈاکٹر زبیدہ مسعود نے پی سی او ایس، ایڈولیسنٹ اینڈ ری پروڈکٹیو ہیلتھ سوسائٹی کی جانب سے منعقد آگاہی سیمینار سے خطاب کے دوران کیا ، انہوں نے بتایا کہ پی سی او ایس نہ صرف خواتین کے لیے حاملہ ہونے میں رکاوٹ بن رہا ہے بلکہ جو خواتین حاملہ ہو بھی جاتی ہیں، ان میں اسقاطِ حمل کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے، اس مسئلے کی بنیادی وجوہات میں کزن میرج ، موروثی عوامل، موٹاپا اور سست طرزِ زندگی ہے،ان کا کہنا تھا کہ نیم حکیم اور غیر رجسٹرڈ افراد ایسی دوائیں تجویز کر رہے ہیں جو خواتین میں رحم اور بیضہ دانی کے کینسر کا سبب بن رہی ہیں۔تقریب کی مہمانِ خصوصی انٹرنیشنل فیڈریشن آف گائناکالوجی اینڈ آبسٹیٹرکس کی صدر پروفیسر ڈاکٹر جین کونی نے کہا کہ پی سی او ایس صرف تولیدی مسئلہ نہیں بلکہ ایک پیچیدہ ہارمونن اور میٹابولک بیماری ہے جو خواتین کی جسمانی اور ذہنی صحت پر اثر ڈالتی ہے،سینئر گائناکالوجسٹ ڈاکٹر شاہین ظفر، ڈاکٹر رضیہ کوریشی، ڈاکٹر یاسمین نعمان اور ڈاکٹر صائمہ زبیر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید