کراچی( اسٹاف رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت و محکمہ پولیس کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کے باعث کرا چی میں ٹریفک حادثات اور ان میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روز کا معمول بن گیا ہے، مجرمانہ حکومتی غفلت و لاپرواہی کا خمیازہ کراچی کے شہری بھگت رہے ہیں، آئی جی و ڈی آئی جی کہاں ہیں؟ کراچی کے عوام کو خونی ڈمپر و ٹینکرز سے تحفظ کون دے گا؟ہمارا مطالبہ ہے کہ ہیوی ٹریفک کے دن میں شہر میں داخلے پر پابندی لگائی ، زخمیوں کے علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے، جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضہ ادا کیا جائے، حادثے کے ذمہ دار وں کو سخت سزائیں دی جائیں اور پولیس روڈ سیفٹی قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنائے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب گلبائی پل کے نیچے تیز رفتار ڈمپر کی چنگ چی رکشے کو ٹکر کے باعث جاں بحق 10سالہ سمامہ کی سعید آباد بلدیہ ٹاؤن میں نماز جنازہ کی امامت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،مرحوم سمامہ یوسی 9بلدیہ ٹاؤن میں جماعت اسلامی کی خاتون کونسلر شبانہ انصاری کا نواسہ ہے، نماز جنازہ میں امیر جماعت اسلامی کیماڑی فضل احد سمیت، علاقہ مکینوں، عزیز و اقارب اور جماعت اسلامی کے کارکنوں نے شرکت کی۔