اسلام آباد (رپورٹ حنیف خالد)وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے اپنے 19منٹ دورانیہ کے خطاب میں وطنِ عزیز کی عسکری تاریخ کا سنہرا باب لکھنے والی مسلح افواج کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ کئی گھنٹوں کے انتظار کے بعد وزیرِ اعظم شہباز شریف نے رات گیارہ بج کر سولہ منٹ پر اپنی تقریر کا آغاز قرآن پاک کی سورۃ صف کی طاقت اور آیت نمبر 4 سے کیا:"إِنَّ اللَّهَ يُحِبُّ الَّذِينَ يُقَاتِلُونَ فِي سَبِيلِهِ صَفًّا كَأَنَّهُم بُنْيَانٌ مَّرْصُوصٌ"(بیشک اللہ ان لوگوں سے محبت کرتا ہے جو اس کے راستے میں اس طرح صف بستہ ہو کر لڑتے ہیں گویا وہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں)۔امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 4:30 بجے سے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی شروع کرائی۔ وزیرِ اعظم کے خطاب میں کئی گھنٹوں کا انتظار دنیا کو اس لیے کرنا پڑا کہ خطاب کے متن کے بارے میں وزیرِ اعظم نے مسلح افواج کے سربراہان سے مشاورت کی۔ وزیرِ اعظم نے اپنی تقریر میں یہ واضح الفاظ میں کہا کہ دشمن کو اُسی زبان میں جواب ملنا چاہیے جو وہ سمجھتا ہے۔