کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سیکرٹری زراعت بلوچستان نور احمد پرکانی نے کہا ہے کہ حکومت زراعت کے فروغ اور کسانوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے، جلد کسان کارڈ کا اجراء کیا جارہا ہے جس سے کسانوں کو مختلف سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی ۔ یہ بات انہوں نے کان مہترزئی میں کھیتوں تک پانی کی فراہمی اسکیم ، لورالائی میں مارکیٹ ، محکمہ زراعت کے فارم کے دورے کے دوران افسران سے بات چیت میں کہی ، اس موقع پر ڈی جی زراعت ریسرچ عبدالروف خان ، ڈائریکٹر انفارمیشن کریم جعفر ، ڈائریکٹر مارکیٹنگ سمیت دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ سیکرٹری زراعت نوراحمد پرکانی نے کہا کہ زراعت کا شعبہ ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ،محکمہ زراعت کاشتکاروں ، کسانوں اور زمینداروں کو علاقائی موسم اور زمین کے حوالے سے زیتون ، پستہ سمیت دیگر اقسام کے پھلوں اور فصلوں کی کاشت سے متعلق آگاہ کریں تاکہ وہ بہتر انداز میں زراعت کو فروغ دے سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے افسران اور عملہ کسانوں کو زراعت میں ہونے والی نئی ریسرچ اور نقد فصلات کے بارے میں آگاہی دیں تاکہ کسان زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرسکیں ۔ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ محکمہ کے افسران اور عملہ دفتروں میں بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں جاکر کسانوں اور زمینداروں کی رہنمائی کریں ۔انہوں نے کہا کہ لورالائی زیتون کی کاشت کیلئے بہت موزوں ہے اور زمیندار ، کسان زیتون کی کاشت کرکے اپنی آمدن میں اضافہ کررہے ہیں جو احسن اقدام ہے ۔