• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

NIRC سے جی ایم ایچ آر PTCL کو 6 ماہ قید، ملازمت سے برخاستگی کی سزا

کوئٹہ (خ ن) قومی صنعتی تعلقات کمیشن (NIRC) کے ممبر عبدالغنی مینگل نے دین محمد بنام پی ٹی سی ایل کیس میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (PTCL) کے جنرل منیجر ایچ آر، محمد فرقان کو چھ ماہ قید، 50 ہزار روپے جرمانہ اور نوکری سے برخاست کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔یہ فیصلہ اس پس منظر میں سامنے آیا ہے کہ این آئی آر سی، ہائی کورٹ، اور سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود پی ٹی سی ایل کے ملازم کو ان کی نوکری پر بحال نہیں کیا جا رہا تھا۔ عدالتی احکامات کے مطابق ملازم کی ملازمت کی بحالی برقرار رکھی گئی تھی، لیکن پی ٹی سی ایل انتظامیہ نے عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد سے انکار کیا۔عدالت نے محمد فرقان کے اس عمل کو توہین عدالت قرار دیتے ہوئے نہ صرف ان پر جرمانہ اور قید کی سزا سنائی بلکہ انہیں فوری طور پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔ مزید برآں، عدالت نے انہیں آئندہ کسی بھی سرکاری یا نجی ادارے میں ملازمت کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے۔ممبر این آئی آر سی عبدالغنی مینگل نے اپنے فیصلے میں اس بات پر زور دیا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی نہ صرف قانون کی توہین ہے بلکہ ملازم کے بنیادی حقوق کی پامالی بھی ہے، جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
کوئٹہ سے مزید