بھارتی فوجیوں کے حق میں پیغام جاری کرنے پر چیئرمین انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) جے شاہ تنقید کی زد میں آ گئے۔
جے شاہ کی منافقانہ اور دوغلی پالیسی پر آسٹریلوی صحافی میلکم کون کا کہنا ہے کہ امن کی علامت ’فاختہ‘ کی تصویر لگانے پر آئی سی سی نے آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ پر پابندی لگائی، مگر آئی سی سی چیئرمین جے شاہ کشیدگی میں بھارتی فوج کو کھلم کھلا سپورٹ کر رہے ہیں یہ دوغلا پن ہے۔
آسٹریلیا کے معروف صحافی میلکم کون بھارتی فوجیوں کے حق میں پیغام جاری کرنے پر چیئرمین آئی سی سی جے شاہ پر برس پڑے۔
آئی سی سی پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ جے شاہ نے پاکستان سے کشیدگی کے دوران بھارتی فوج کےحق میں بیان دیا۔
میلکم کون نے لکھا کہ بھارت کے وزیرِ داخلہ کے بیٹے آئی سی سی چیئرمین جے شاہ کشیدگی میں بھارتی فوج کو کھلم کھلا سپورٹ کر رہے ہیں حالانکہ آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے فاختہ کی تصویر لگائی تو آئی سی سی نے عثمان خواجہ پر پابندی لگا دی، آئی سی سی کا یہ عمل حیران کن اور دوغلا پن ہے۔
دوسری جانب کرکٹ فینز نے لکھا ہے کہ جے شاہ کھل کر جنگ کی حمایت کر رہے ہیں اور وہ بھی آئی سی سی کے ایک رکن، پاکستان کے خلاف، جے شاہ کو چیئرمین آئی سی سی کے عہدے سے ہٹا دیا جائے۔
واضح رہے کہ عثمان خواجہ نے مشرقِ وسطیٰ میں امن کے حق میں بیٹ پر فاختہ کی تصویر لگائی تھی، جس پر انہیں پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔