کوئٹہ(خ ن)غیر معیاری اور مضر صحت خوراک کی تیاری و فروخت کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کوئٹہ شہر سمیت مختلف اضلاع میں جاری کارروائیوں کے دوران ایک کھویا پراسیسنگ یونٹ اور ایک آر او پلانٹ سمیت 20 سے زائد مراکز پر جرمانے عائد کر دئیے گئے۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق کھانے پینے کی اشیاء کی جانچ کیلئے کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں ضلع تربت ، خضدار اور صحبت پور میں متعدد کارخانوں و خوراک کے مراکز کا معائنہ کیا گیا۔جرمانہ کیے گئے مراکز میں 11 جنرل سٹورز مالکان بھی شامل تھے جنہیں دکانوں میں زائد المیعاد خوردنی مصنوعات اور پابندی عائد چائنیز نمک و گٹکا پان پراگ رکھنے پر جرمانہ کیا گیا ۔ مذکورہ مراکز سے برآمد شدہ ایکسپائرڈ و مضر صحت اشیاء کی بڑی مقدار جن میں اچار ، بسکٹ ، پیکٹ مصالحے ، سرکہ ، کین فوڈ ، مشروبات ، ٹیٹرا پیک دودھ اور نان فوڈ گریڈ کلرز وغیرہ شامل تھے کو ضبط کر کے موقع پر تلف کردیا گیا ۔ترجمان کے مطابق پشتون آباد میں ایک کھویا یونٹ جبکہ سرکی روڈ کوئٹہ میں ایک آر او پلانٹ کے خلاف بھی ایکشن لیا گیا جن کی وجوہات بالترتیب پروڈکشن ایریا میں گندگی غیر رجسٹرڈ مصنوعات کی تیاری ، حتمی پروڈکٹس کی لیبارٹری رپورٹس کی عدم موجودگی جبکہ حشرات کی روک تھام اور ویسٹ مینجمنٹ کے نامناسب انتظامات بتائی گئیں ۔ علاوہ ازیں ملاوٹی دودھ کی فروخت روکنے کیلئے بی ایف اے کی ملک سیفٹی ٹیمیں بھی متحرک رہیں جنہوں نے دیبہ اور مشرقی بائی پاس کوئٹہ میں قائم ملک شاپس کی چیکنگ کے دوران دودھ میں ملاوٹ کے گھناؤنے دھندے پر 2 دودھ فرشوں کے خلاف ایکشن لیا۔