اسلام آباد (ایوب ناصر ،خصوصی نامہ نگار)راولپنڈی اسلام آباد میں ڈکیتی ، سرقہ باالجبر ،سٹریٹ کرائم ، نقب زنی اور چوری کی 93وارداتوں میں نقدی زیورات اور دیگر قیمتی سامان کے علاوہ ، ایک کار ، رکشہ ،30موٹر سائیکل،51 موبائل فون اڑا لئے گئے ،29گھروں کے تالے ٹوٹ گئے۔ تین موٹر سائیکل اور 12موبائل فون اسلحہ کی نوک پر جبکہ21جھپٹا مار کر چھین لئے گئے ۔تھانہ سول لائن کے علاقے میں ہسپتال کی پارکنگ سےکار ، تھانہ نیو ٹاؤن کے علاقے کمرشل مارکیٹ سے جمشید خان کا رکشہ چوری ہو گیا۔ تھانہ واہ کینٹ کے علاقے میں محمد علی رحمان سے اسلحہ کی نوک پر موٹر سائیکل اور 93 سو روپے کی نقدی چھین لی گئی ، تھانہ صادق آباد کے علاقے خرم کالونی میں عدین سے اسلحہ کی نوک پر موٹر سائیکل ، موبائل فون اور نقدی ، تھانہ نیو ٹاؤن کے علاقے سکس روڈپر مہوش بطول سے چھ چوڑیاں،نقدی اور موبائل فون ، تھانہ روات کے علاقے میںعلی خان سے اسلحہ کی نوک پر موٹر سائیکل اور موبائل چھین لیا گیا۔تھانہ واہ کینٹ کے علاقے گدو وال میں دو بھنسیں چوری کر لی گئیں۔تھانہ دھمیال کے علاقے لکھن میں طاہر سے ساڑھے پانچ لاکھ روپے ،تھانہ صدر واہ کینٹ کے علاقے میں عبدالحمید سے ساڑھے تین لاکھ روپے کی نقدی اور زیورات چھین لئے گئے جبکہ اسی تھانے کے علاقے براہمہ میں واحید اللہ کی پانچ لاکھ روپے مالیت کی پلیٹیں چوری کر لی گئیں۔