کراچی (نیوز ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین فوری طور پر جنگ بندی اور، اس سے بھی اہم، جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کا آغاز کریں گے۔زیلنسکی، میکرون, یورپی کمیشن کی صدر و دیگر کو بھی آگاہ کر دیا, ویٹیکن نے مذاکراتی عمل کی میزبانی میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ روس اس تباہ کن خونی جنگ کے خاتمے کے بعد، امریکہ کے ساتھ بڑے پیمانے پر تجارت کرنا چاہتا ہے، اور میں اس سے متفق ہوں۔ یوکرین سے جنگ بندی کے لیے شرائط دونوں فریقوں کے درمیان طے ہوں گی، کیونکہ صرف وہی ان تفصیلات سے واقف ہیں جو کسی اور کو معلوم نہیں ہو سکتیں۔ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ان کا کہنا تھا کہ میں نے فون پر روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ دو گھنٹے بات چیت کی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ ملاقات بہت اچھی رہی۔ گفتگو کا لہجہ اور جذبہ بہترین تھا۔ اگر ایسا نہ ہوتا تو میں ابھی یہ بات کہہ دیتا، بعد میں نہیں۔ روس کے لیے بے شمار نوکریاں اور دولت پیدا کرنے کا ایک شاندار موقع ہے۔ اس کی صلاحیت لامحدود ہے۔ اسی طرح یوکرین بھی اپنی تعمیرِ نو کے عمل میں تجارت کے ذریعے بڑا فائدہ حاصل کر سکتا ہے۔ روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات فوراً شروع ہوں گے۔