کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما رکن اسمبلی شیخ زرک خان مندوخیل نے ہزارہ بھائیوں کو ہزارہ کلچر ڈے کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ثقافت کسی بھی قوم کی پہچان ہوتی ہے ،ہزارہ محنتی اور علم دوست قوم ہے جس نے پورے ملک میں اپنی ثقافتی شناخت کو زندہ رکھا ۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں ثقافتوں کو زندہ رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ یہی ہماری پہچان اور اتحاد کی بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ ہزارہ کمیونٹی بلوچستان کی خوبصورت اور باوقار ثقافتی پہچان ہے، جو اپنی تہذیب، طرز زندگی اور لازوال روایات کے ذریعے ہماری معاشرتی ہم آہنگی کو تقویت دیتی ہے ۔ہزارہ برادری نے ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایااورہر مقام پر ملک و قوم کی خدمت کو اپنا شعار بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ کلچر ڈے نہ صرف ثقافتی ورثے کی عکاسی کرتا ہے بلکہ پوری دنیا کو یہ پیغام دیتا ہے کہ بلوچستان مختلف قومیتوں اور تہذیبوں کا گلدستہ ہے، جہاں ہر رنگ قابل قدر اور قابل فخر ہے۔