• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

N-25 پرحلال روزی کمانا مشکل ہو گیا، ٹرانسپورٹرز

کوئٹہ(این این آئی) آل بلوچستان ٹرانسپورٹ ایکشن کمیٹی کے صدر حاجی حبیب اللہ بادیزئی ، آل کوئٹہ کراچی کوچز یونین کے جنرل سیکرٹری حاجی باری مشوانی، سینئر نائب صدر ٹرانسپورٹ حاجی میر امتیاز لہڑی ، کراچی کمیٹی کے صدر حاجی ولو جان ناصر ،حاجی ولی خان اچکزئی ،حاجی نصراللہ دھوار ،حاجی میر زوالفقار لہڑی جنرل سیکرٹری ٹرانسپورٹ ایکشن کمیٹی حاجی محمد اکبر لہڑی ، حاجی لال خان ارباز ،حاجی فدا اچکزئی،حاجی رازاق اچکزئی ، ترجمان حاجی ناصر شاہوانی نے کہاہے کہ ان کی گاڑیوں کو این25 شاہراہ پر بلا وجہ تنگ کیا جارہاہے اور گاڑیاں روکی جارہی ہیں ۔ بلاضرورت چیک پوسٹس کی بھر مار سے ان کے حلال روزی کمانے پر قد غن لگ چکی ہے۔ اور اب ہمارے لئے یہی آخری آپشن رہ گیا ہے کہ ہم اپنا روزگار چھوڑ کر گھر بیٹھ جائیں، اس سلسلے میں احتجاجاً 22مئی سے اپنی گاڑیاں خضدار میں کھڑی کرکے اور ان کی چابیاں مقامی انتظامیہ کے حوالے کرکے طویل ترین احتجاج کا آغاز کریں گے۔انہوں نے کہاکہ لک پاس سے لیکر حب چوکی تک لاتعداد چیک پوسٹس قائم ہیں ہم یہ نہیں کہتے ہیں کہ سیکورٹی پر پز کیلئے چیک پوسٹیں قائم نہ کی جائیں تاہم بعض چیک پوسٹس صرف ٹرانسپورٹرز کو تنگ کرنے ہمارے ڈرائیورز اور گاڑی عملہ کو حراساں کرنے کے لئے قائم ہیں ۔ بلوچستان کے ٹرانسپورٹرز ملکی معیشت کے لئے پلر کی حیثیت رکھتے ہیں اور اس طویل روٹ پر اپنی قیمتی گاڑیاں چلا کر صرف حلال روزی کمارہے ہیں اور ان گاڑیوں سے سینکڑوں خاندان کی روزی روٹی وابستہ ہے لیکن بدقسمتی سے ان گاڑیوں کو بھی روک کر ان کا وقت ضائع کیا جاتا ہے، پہلے یہ گاڑیاں آدھے دن میں اپنی منزل پر پہنچ جا تی تھیں مگر اب یہ سفر اٹھارہ سے بیس گھنٹے کا بن جاتاہے۔ یہ ٹرانسپورٹرز کے ساتھ زیادتی اور ان کی حوصلہ شکنی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی سےملے اور ان کو ٹرانسپورٹرز کے واضح موقف سے آگاہ کیا ۔ڈپٹی کمشنر خضدار نے ٹرانسپورٹرز سے بائیس مئی تک کا وقت لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وڈھ باران لک چیک پوسٹ کو ختم اورٹرانسپورٹرز کو یہ یقین دلایا جائے کہ ان کی چیک پوسٹس پر تذلیل روکی جائیگی اور ڈرائیورز و عملے کو تنگ نہیں کیا جائیگا تو ہم احتجاج کی کال واپس لیں گے اگر یہ سلسلہ برقرار رہا تو مقررہ تاریخ کو بھرپور احتجاج کرکے گاڑیاں خضدار میں نیشنل ہائی وے کے کنارے کھڑی کرکے چابیاں اختیار داروں کے حوالے کریں گے۔
کوئٹہ سے مزید