بھارتی معروف یوٹیوبر دھروو راٹھی کو سکھوں کی تاریخ پر گمراہ کُن ویڈیو بنا کر ہزیمت کا سامنا کرنا پڑگیا۔
یوٹیوبر دھروو راٹھی نے حال ہی میں اے آئی کی مدد سے سکھوں کی تاریخ پر گمراہ کُن ویڈیو بنائی تھی جسے اب انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل سے حذف کردیا۔
غلط بیانے پر بنائی ویڈیو میں دھروو راٹھی نے سکھوں کے متعدد گروؤں کو اے آئی کی مدد سے دکھانے کی کوشش کی تھی جس پر انہیں شرمندگی اٹھانا پڑی ہے۔
اس ویڈیو پر سکھ کمیونٹی اور سکھ رہنماؤں کی جانب سے سخت تنقید اور شدید ردِ عمل کا اظہار کیا گیا۔
یوٹیوبر دھروو راٹھی نے اس ویڈیو کا عنوان ’سکھ جنگجو جس نے مغلوں کو خوفزدہ کیا‘ رکھا تھا۔
24 منٹس اور 37 سیکنڈ کی ویڈیو کو سکھوں کی شرومنی اکالی دل (ایس اے ڈی)، شرومنی گرودوارہ پربندھک کمیٹی (ایس جی پی سی) جیسی نامور تنظیموں نے گمراہ کن بیانیے پر مبنی قرار دیا ہے۔
دھروو راٹھی کی ویڈیو پر شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے سکھ رہنما کی جانب سے یوٹیوبر کے خلاف ویڈیو جاری کی گئی ہے۔
ایکس پر جاری کیے گئے اپنے ویڈیو بیان میں سکھبیر سنگھ بادل نے کہا ہے کہ ہماری جماعت ہمارے گرو صاحبان کی نامناسب تصویر کشی کرنے والی ویڈیو کی سخت مذمت کرتی ہے، اس ویڈیو سے سکھ کمیونٹی کے جذبات کو گہری ٹھیس پہنچی ہے۔