• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی اسٹیڈیم کی گیلری سے کنیریا کی تصویر ہٹادی گئی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

سابق پاکستانی کرکٹر دانش کنیریا کی تصویر سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم کی گیلری سے ہٹادی گئی۔

دانش کنیریا جو اپنے پاکستان مخالف تبصروں اور بھارت کی کھلی حمایت کے لیے شہرت رکھتے ہیں، ان کے بھارت نواز موقف کے باوجود جے پور میں حکام نے سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم کی گیلری سے ان کی تصویر ہٹادی۔

واضح رہے کہ بھارتی جارحیت پر پاکستان کے سخت ردعمل کے بعد مودی حکومت عالمی سطح پر تنقید کی زد میں آگئی۔ 

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

میڈیا رپورٹس کے مطابق جیسے جیسے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تناؤ بڑھ رہا ہے، دونوں طرف سے علامتی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس میں سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم کی گیلری سے دانش کنیریا کی تصویر کو خاموشی سے ہٹانا بھی شامل ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دانش کنیریا کی گیلری میں موجود تصویر کے خلاف یہ اقدام دائیں بازو کے ہندو انتہا پسند گروپوں کے احتجاج کے بعد اُٹھایا گیا ہے۔ 

اس سے قبل انتہا پسند گروپوں کے احتجاج پر اسٹیڈیم حکام نے تصویر کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ قابل ذکر کرکٹرز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تصویر گیلری کا حصہ ہیں۔ تاہم انتہا پسند گروپوں کے دباؤ کے بعد بالآخر اسے ہٹا دیا گیا ہے۔ حکام کے اس اقدام نے بہت سے لوگوں کو حیران کر دیا۔

واضح رہے کہ دانش کنیریا نے 2000 سے 2012 کے درمیان 61 ٹیسٹ اور 18 ون ڈے میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔ جس میں انہوں نے 261 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کیں۔ 

دانش کنیریا کا کرکٹ کیریئر اس وقت ختم ہوا جب 2012 میں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایسیکس کے ساتھ کاؤنٹی کے دوران اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے پر انہیں تاحیات پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید