راولپنڈی (جنگ نیوز) پولٹری کی قیمتیں دوبارہ آسمان پر پہنچ گئیں۔ زندہ مرغی کی قیمت 400 روپے سے بھی کراس کر گئی۔ انڈوں کی قیمت بھی شدید گرمی میں تاریخ کی بلند ترین سطح پر 304 روپے درجن تک پہنچا دی گئی ہے۔ اس سے قبل ایک ہفتہ کے دوران زندہ مرغی کی قیمت میں 70روپے تک کا اضافہ کیا گیا۔ کمپی ٹیشن کمیشن آف پاکستان نے پولٹری صنعت میں ملی بھگت سے قیمتیں مقرر کرنے سمیت دیگر سنگین الزامات پر 8بڑی ہیچریوں کیخلاف 15کروڑ کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ ان ہیچریوں نے کارٹل بنا کر ایک دن کے چوزے کی قیمت میں اضافہ کیا جس کا اثر پولٹری قیمتوں پر بھی پڑا۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور کارٹلائزیشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ پولٹری مافیا پر مسلسل نگرانی رکھنے کی ضرورت ہے۔ مرغی کا گوشت جو کہ 280روپے کلو تک ہوتا تھا‘ پھر اسے ساڑھے تین سو کیا گیا اور اب چار سو سے بھی اوپر پہنچا دیا ہے۔ کینٹ ایریاز دھمیال چکری روڈ مرغی کا گوشت ساڑھے سات سو روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ‘ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو قیمتیں کنٹرول کرنے سمیت مبینہ اسمگلنگ پر قابو پانے کا مطالبہ کیاہے۔