• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلشن معمار اور اورنگی میں شوہروں نے فائرنگ کرکے بیویاں قتل کر دیں

کراچی( اسٹاف رپورٹر )گلشن معمار اور اورنگی ٹاؤن میں شوہر وں نے فائرنگ کر کے بیویاں قتل کر دیں ، تفصیلات کے مطابق گلشن معمار تھانے کی حدود ملا عیسیٰ گوٹھ چنا محلہ سے 22 سالہ اقصیٰ اسماعیل زوجہ اسماعیل کی گولی لگی لاش کو نجی اسپتال لایا گیا ،مقتولہ کو سر میں گولی مار کر قتل کیا گیا، پولیس کے مطابق مقتولہ کو اس کے شوہر اسماعیل چنا نے فائرنگ کر کے قتل کیا ہے جسے گرفتار کر لیا گیا ہے تاہم ملزم کا دعویٰ ہے کہ وہ اپنا لائسنس یافتہ پستول صاف کر رہا تھا کہ اتفاقاً گولی چل گئی جو اس کی بیوی کو لگی ،مقتولہ ملزم کی دوسری بیوی تھی اور اس نے چھ ماہ قبل اس سے شادی کی تھی، پہلی بیوی سے پانچ بچے ہیں ،واقعہ کے وقت گھر میں پہلی بیوی اس کے بچے اور ملزم کی والدہ بھی موجود تھے،واقعہ کا مقدمہ مقتولہ کی والدہ کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے، مقتولہ کی والدہ کے مطابق گذشتہ شام بیٹی نے فون کرکے بتایا کہ اسماعیل اس پر تشدد کرتا ہے،گزشتہ رات بیٹی کے پڑوسیوں نے فون کرکے بتایا کہ اقصیٰ کو اس کے شوہر نے فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے،میری بیٹی کے بازو سینے ،کندھے اور ٹانگ پر تشدد کے نشانات موجود تھے،دریں اثنا اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10 آفریدی کالونی میں واقع مکان میں فائرنگ کے واقعہ میں 58 سالہ رخسانہ زوجہ گل شیرین زخمی ہو گئی جو عباسی شہید اسپتال میں دوران علاج وہ چل بسی، پولیس کے مطابق مقتولہ کو اس کے شوہر گل شیرین ولد زیارت گل نے جھگڑے کے دوران شک کی بناء پر تیس بور پستول سے فائرنگ کر کے زخمی کیا اور فرار ہو گیا،بعد ازاں مقتولہ اسپتال میں دم توڑ گئی ، مقتولہ کو گردن اور سینے پر تین گولیاں ماری گئی ہیں،مقتولہ 8 بچوں کی ماں تھی جن میں 6 بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں، ملزم کا آبائی تعلق مانسہرہ سے ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید