اسلام آباد (ساجد چوہدری )سینٹ میں آئے روز وقفہ سوالات کی منسوخی کیخلاف حکومتی ، اتحادی اور اپوزیشن ارکان یک زبان ہو گئے ، اپوزیشن لیڈر سنیٹر شبلی فراز نے کہا کہ وقفہ سوالات بھی ہوتا تھا ، ایک سال سے ہائوس ایک ڈاک خانہ بنا ہوا ہے، پریذائیڈنگ افسر عرفان الحق صدیقی نے کہا وقفہ سوالات اپوزیشن اور حکومت کی قیادت کی مرضی سے منسوخ ہونا چاہئے ،یکطرفہ نہیں ہونا چاہئے، شبلی فراز کی بات کی توثیق کرتا ہوں ، سنیٹر سلیم مانڈو ی والا نے کہا وقفہ سوالات کی منسوخی کا انہیں بھی پتہ نہیں ، منسوخی کا طریقہ کار بھی فالو نہیں کیا گیا ، ہائوس کی عزت کا خیال کرنا چاہئے جو چیزیں غلط ہو رہی ہیں وہ نہیں ہونی چاہئیں، جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر سنیٹر شبلی فراز نے کہا پہلے سیشن بروقت شروع ہوتا تھا اب اس پر توجہ نہیں دی جاتی ، وقفہ سوالات ، فنانس کمیٹی حکومت کو ہی دیدی گئی تاکہ اپنا احتساب خود ہی کریں ، سپرٹ کو جان بوجھ کر ضائع کیا گیا ، گزشتہ روز بھی پچاس نکاتی ایجنڈا آیا بس کرے جائو والی بات ہے ، بل پر بحث ہونی چاہئے ، یہ خطرناک روایات ہیں ، وقفہ سوالات بھی ہوتا تھا ، یہ مذاق بن چکا کہ بل کا وقت ختم ہو رہا ہے اس کو پاس کر دیں ، ایسے بل تاخیر سے کیوں لائے جاتے ہیں ، ہمیں اپنی اور اس ہائوس کی عزت عزیز ہے۔