• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈائریکٹر FIA اسلام آباد کا سخت سزائیں دینے کا عمل دوبارہ شروع

کراچی (اسد ابن حسن) ایف آئی اے کے ڈائریکٹر اسلام آباد زون سیّد شہزاد ندیم بخاری نے ایک مرتبہ پھر ادارے کے اہلکار جو امیگریشن میں تعینات رہے ہیں ان کو سخت سزائیں دینے کا عمل دوبارہ شروع کر دیا ہے۔ گزشتہ روز انہوں نے ایک ہیڈ کانسٹیبل اور تین کانسٹیبلز کو نوکری سے برخاست کر دیا جبکہ 12اہلکاروں کو ان کے عہدوں سے ایک عہدہ کم تنزلی کی سخت سزائیں دیتے ہوئے یہ بھی فیصلہ دیا کہ مذکورہ اہلکار بلیک لسٹ قرار دیئے جاتے ہیں اور آئندہ اپنی پوری نوکری کبھی بھی امیگریشن پر تعینات نہیں کیے جاسکیں گے۔ ڈائریکٹر نے 60 اہلکاروں کو نوٹسز جاری کیے تھے جن میں سے پانچ اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 50ہیڈ کانسٹیبلز اور پانچ کانسٹیبلز جو مختلف ادوار میں اسلام آباد ایئرپورٹ امیگریشن میں تعینات رہے اور ان پر کرپشن کے سنگین الزامات لگے، شامل تھے۔ ان تمام اہلکاروں کی ذاتی سنوائی ’’اردلی روم‘‘ میں کی گئی اور اس کے بعد فیصلے کیے گئے ہیں۔ ان سزاؤں کے حوالے سے جب ڈائریکٹر اسلام آباد سیّد شہزاد ندیم بخاری سے سوال کیا گیا کہ یہ سزائیں صرف نچلے رینک کے اہلکاروں کو کیوں دی گئی ہیں کیونکہ بڑی کرپشن تو انسپکٹر اور سب انسپکٹر لیول پر ہوتی ہے تو ان کا جواب تھا کہ ان کے اختیارات میں سزائیں دینا صرف اسسٹنٹ سب انسپکٹر رینک تک کے لیے محدود ہے۔ اس سے اوپر کے رینک کے افسران کو سزائیں ڈائریکٹر جنرل یا سیکرٹری داخلہ ہی دے سکتے ہیں۔
ملک بھر سے سے مزید