کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے صوبائی کمشنر جسٹس (ر) حسن فیروز اور صوبائی سیکریٹری سید اختر میر نے سندھ بھر میں محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں میں خدمات انجام دینےو الے 5ہزار سے زائد اسکاؤٹس ، لیڈرز، گروپ اسکاؤٹ لیڈرز اور ان کے والدین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ عزاداران امام حسین ؑ کی خدمت ایک اعزاز ہے ہمیں کمیونٹی کی خدمت اسی طرح جاری رکھنی چاہئے ۔ انہوں نے بالخصوص کرسچن اور ہندو اسکاؤٹس کا شکریہ ادا کیا ہے کہ وہ بھی کراچی اوپن ڈسٹرکٹ کے ساتھ محرم الحرام میں شانہ بشانہ رہے ۔ صوبائی کمشنر اور صوبائی سیکریٹری نے گورنر و چیف اسکاؤٹ سندھ محمد کامران خان ٹیسوری ، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ ، رینجرز، پولیس حکام ، پاک محرم ایسوسی ایشن ، جعفریہ الائنس ، اہل تشیع و اہل سنت کے علمائے کرام ، سندھ بھر کے کمشنر و ڈپٹی کمشنر صاحبان ، طبی امدادی اداروں ، ایدھی اور چھیپا کے رضا کاروں اور ماتمی انجمنوں کا اسکاؤٹس کے ساتھ بھر پور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا ہےاور توقع کی ہے کہ یہ عمل جاری و ساری رہے گا۔