کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ چکرا گوٹھ پولیس وین پر حملہ اور پولیس اہلکاروں کے قتل کیس کا فیصلہ ایک بار پھرمؤخر کردیا۔ایم کیو ایم ٹارگٹ کلرز کے خلاف 26 مئی کو مقدمہ کا فیصلہ سنائے جانے کا امکان ہے۔ جوڈیشل کمپلیکس میں قائم انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ چکرا گوٹھ پولیس وین پر حملہ اور پولیس اہلکاروں کے قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر رئیس مما سمیت دیگر 13ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ 13 سال پرانے مقدمہ کا فیصلہ ایک بار پھرمؤخر کردیا گیا۔ ایم کیو ایم ٹارگٹ کلرز کے خلاف 26 مئی کو مقدمہ کا فیصلہ سنائے جانے کا امکان ہے۔ وکلا صفائی عابد زمان ایڈووکیٹ اور بیرسٹر سارہ عاصم خان کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ پراسیکیوشن ملزمان کے خلاف شواہد پیش کرنے میں ناکام ہوگئی، رئیس مما کو ٹرائل کے دوران کسی گواہ نے شناخت نہیں کیا، ملزمان کو مقدمہ سے بری کیا جائے۔ استغاثہ کے مطابق ملزم رئیس مما نے 2011 میں کورنگی میں اپنی دہشت اور اجارہ داری قائم رکھنے کیلیے چکرا گوٹھ میں پولیس وین پر حملہ کیا، فائرنگ سے ریزرو پولیس کے 3 اہلکار جاں بحق اور اہلکار سمیت 27 افراد زخمی ہوئے۔