کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر برائے توانائی سید ناصر حسین شاہ نے توانائی منصوبوں کی بر وقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے انہوں نے کہا کہ جاری منصوبوں کے نفاذ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے جبکہ پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ سمیت مختلف محکموں کے افسران نے منصوبوں پرتفصیلی بریفنگ دی ۔تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیر برائے توانائی، منصوبہ بندی، اور ترقیات سید ناصر حسین شاہ نے گزشتہ روز اعلیٰ سطح کے اجلاس میں توانائی ڈپارٹمنٹ کے تحت جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل اور میرٹ اور شفافیت کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ کے چیئرمین نجم احمد شاہ، توانائی ڈپارٹمنٹ کے سیکریٹری مشتاق احمد سومرو، ایس ایس ای پی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر محفوظ قاضی، ایس ٹی ڈی سی کے سی ای او سلیم شیخ، اور مختلف محکموں کے سربراہان نے اجلاس میں شرکت کی اور متعلقہ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔وزیرتوانائی نے افسران کو ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کے نفاذ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔انہوں نے آئندہ مالی سال کے مجوزہ منصوبوں کا بھی جامع جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ آئندہ منصوبوں کے لیے تمام قانونی اور دستاویزی عمل جلد مکمل کیا جائے۔انہوں نے عالمی بینک کے تعاون سے چلنے والے منصوبوں کی بر وقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے بجٹ تجاویز کی تیاری کا بھی حکم دیا۔