کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما و وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ہاؤس کراچی میں تنظیم کے سینئر ایگزیکٹو ممبران نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک میں صحت کی فراہمی کے نظام، پالیسیوں کے نفاذ، اور دیگر اہم طبی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پروفیسر ایس طیب سلطان، پروفیسر ایس سراج الدولہ، پروفیسر ایم ادریس عیدی، ڈاکٹر سید خاور مہدی، ڈاکٹر اے غفور شورو، ڈاکٹر شعیب سوبانی، ڈاکٹر مرزا علی اظہر، ڈاکٹر حامد منظور، ڈاکٹر الطاف کھتری، ڈاکٹر قیصر سجاد، اور ڈاکٹر قاضی واسق شامل تھے۔ اجلاس کے دوران ملک میں صحت کی سہولیات کی فراہمی، درپیش چیلنجز، صحت سے متعلق پالیسیوں کے نفاذ میں رکاوٹیں، ایک جامع قومی صحت پالیسی کی تشکیل،پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی قانونی حیثیت، پولیو کے خاتمے میں حائل رکاوٹیں اور اصل حقائق، ہیپاٹائٹس سی کے علاج اور ادویات کی دستیابی، علاج کی بجائے بیماریوں کی روک تھام پر زور دینے کی اہمیت، قرنیہ ٹرانسپلانٹ اور عطیۂ قرنیہ کے مسائل، آئی سی یو میں غفلت کے باعث قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں میں بینائی کی کمی، شادی سے قبل جوڑوں کی تھیلیسیمیا اسکریننگ، ڈریپ اور میڈیکل ڈیوائسز کی منظوری کا طریقہ کار، ڈریپ اور فارماسیوٹیکل خام مال کی مقامی پیداوار سمیت تمام موضوعات پر نہ صرف تفصیلی تبادلہ خیال ہوا بلکہ ان کے حل کے لیے مناسب اور قابلِ عمل تجاویز بھی پیش کی گئیں۔