• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رئیس مما سمیت 13ملزمان کیخلاف سانحہ چکرا گوٹھ کیس کا فیصلہ پھر موخر

کراچی (این این آئی)کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ چکرا گوٹھ پولیس وین پر حملے اور اہلکاروں کے قتل کے مقدمے میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)کورنگی کے سابق سیکٹر انچارج رئیس مما سمیت 13ملزمان کے خلاف فیصلہ پھر موخر کردیا۔ 13سال پرانے مقدمے میں پولیس نے ایم کیو ایم کے رئیس مما سمیت 13ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا، تاہم عدالت نے محفوظ کیا گیا فیصلہ نہیں سنایا۔ کورٹ ذرائع کے مطابق 26مئی کو مقدمے کا فیصلہ سنائے جانے کا امکان ہے۔سانحہ چکرا گوٹھ کی سماعت مکمل کی جاچکی ہے، وکلائے طرفین کی جانب سے حتمی دلائل کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ملزمان کے وکیل عابد زمان ایڈووکیٹ نے کہا کہ پراسیکیوشن ملزمان کے خلاف شواہد پیش کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔اسامہ علی ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملزم رئیس مما کو ٹرائل کے دوران کسی گواہ نے شناخت نہیں کیا، بیرسٹر سارہ عاصم خان نے کہا کہ ملزمان کو مقدمے سے بری کیا جائے۔پراسیکیوشن کے مطابق ملزم رئیس مما نے 2011میں کورنگی میں اپنی دہشت اور اجارہ داری قائم رکھنے کے لیے چکرا گوٹھ میں پولیس وین پر حملہ کیا تھا، فائرنگ سے سندھ ریزرو پولیس (ایس آر پی)کے 3 اہلکار جاں بحق اور اہلکار سمیت 27 افراد زخمی ہوئے تھے۔استغاثہ کے مطابق مقدمے میں سابق سیکٹر انچارج رئیس مما، عمران لمبا، انعام، گل محمد، قاسم ، عمیر سمیت 13 ملزمان گرفتار ہیں۔یاد رہے کہ ملزمان کے خلاف 2011 میں تھانہ زمان ٹاؤن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ملک بھر سے سے مزید