کوئٹہ(خ ن)سیکرٹری اطلاعات عمران خان نے صوبے بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی موثرالیکٹرانک میڈیا کے ذریعے تشہیر کے لئے ٹی وی چینلز کے بیوروچیفس سے ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشنز بلوچستان میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈی جی پی آر بلوچستان محمد نور کھیتران، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز سعید احمد شاہوانی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر منظور احمد مگسی اور ٹی وی چینلز کے بیوروچیفس رضا الرحمٰن، عرفان سعید، جلال نورزئی، نور الٰہی بگٹی، ایوب ترین، بشریٰ قمر، سعدیہ جہانگیر، شاہ حسین، عیسیٰ ترین، جابر شاہ، بلال فروز، میر سلام جوگیزئی اور وقار احمد شامل تھے ۔سیکرٹری اطلاعات نے اس موقع پر کہا کہ چیف سیکرٹری شکیل قادر خان کی ہدایات کی روشنی میں حکومت کی خواہش ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی شفاف اور مثبت انداز میں کوریج کو یقینی بنایا جائے۔ میڈیا کو انڈی پینڈنٹ رپورٹس تیار کرنے کی بھرپور سہولیات دی جائیں گی تاکہ بلوچستان کی حقیقی تصویر دنیا کے سامنے لائی جا سکے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئٹہ جو پورے صوبے کا چہرہ تصور کیا جاتا ہے، میں کوئٹہ پیکیج کے تحت جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ منعقد کی جائے گی، اس کے علاوہ ہر محکمے کے انتظامی سربراہ کے ساتھ ون ڈے ود پریس اور میڈیا ٹاکس کا باقاعدہ اہتمام کیا جائے گا تاکہ صحافیوں کو زمینی حقائق سے آگاہی حاصل ہو، بیوروچیفس نے اس موقع پر حکومت کو تجویز دی کہ دیگر صوبوں کے مقابلے میں بلوچستان میں الیکٹرانک میڈیا کے لئے مخصوص بجٹ نہایت کم ہے، جس کی وجہ سے کئی چینلز اپنے دفاتر بند کرنے یا عملے کی کمی جیسے مسائل سے دوچار ہیں۔ اس تناظر میں میڈیا بجٹ میں خاطر خواہ اضافے کا مطالبہ کیا گیا۔سیکرٹری اطلاعات نے یقین دہانی کرائی کہ میڈیا کے تمام مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور حکومت کی کوشش ہے کہ نیشنل میڈیا پر بلوچستان کی پہچان صرف ناخوشگوار خبروں تک محدود نہ رہے بلکہ صحت، تعلیم اور فلاح و بہبود کے شعبوں میں ہونے والی پیشرفت کو بھی نمایاں کیا جائے۔