• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرچ کمیٹی کے مقرر کردہ چوتھے چیئرمین بورڈ عہدے سے مستعفی

کراچی( سید محمد عسکری ) سرچ کمیٹی کی سفارش کردہ ایک اور چیئرمین بورڈ نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔ مستعفی چیئرمین منصور راجپوت کا تعلق میرپورخاص تعلیمی بورڈ سے ہے اس طرح سرچ کمیٹی کی جانب سے انتخاب کردہ یہ چوتھے چیئرمین ہیں جو اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں اس سے قبل انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی کے انتخاب کردہ دو چیئرمین بریگیڈیئر وسیم احمد اور مصباح تنہیو نے چیرمین بننے معذرت کرلی تھی جب کہ حیدرآباد بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر رفیق چانڈیو نے ایک دن چارج سنبھالا اور دوسرے دن استعفی دے دیا۔ مستعفی چیئرمین میرپور خاص بورڈ منصور راجپوت نے جنگ کو بتایا کہ ان کی صحت ٹھیک نہیں ہے دو مہینے تک بورڈ کے چئیرمین کا عہدہ سنبھالا لیکن اب زیادہ دباؤ برداشت نہیں کرسکتا ڈاکٹرز نے بھی یہی مشورہ دیا ہے کہ زہنی تناؤ سے دور رہیں چناچہ اسی لیے میں نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔ ادھر محکمہ بورڈز و جامعات نے میرپورخاص بورڈ کے چئیرمین منصور راجپوت کا استعفیٰ کی سمری منظوری کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کردی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ان کی جگہ سرچ کمیٹی کے انتخاب کردہ اگلے امیدوار کو چئیرمین بورڈ لگایا جائے یا چئیرمین کے عہدے کی آسامی کے لیے اشتہار دیا جائے۔ یاد رہے کہ میرپورخاص بورڈ کے چئیرمین کے مستعفی ہونےکے بعد سندھ کے تین بورڈز مستقل چیئرمین کے بغیر کام کررہے ہیں جن میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی اور بورڈ آف سیکنڈری اینڈ انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن حیدرآباد شامل ہیں۔

اہم خبریں سے مزید