کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما اور سابق سفیر سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ مودی نے بہت گھٹیا بات کی، بھارت ہندوتوا ریپبلک بن چکا،ماہر بین الاقوامی امور کامران بخاری نے کہاکہ حماس پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور یہ دباؤ صرف امریکہ اسرائیل کا نہیں ہے عرب ممالک کا بھی ہے،میزبان شاہزیب خانزدہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارتی حکومتوں نے سفارتی کوششیں تیز کردی ہیں۔ پیپلز پارٹی کی رہنما اور سابق سفیر سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کاری ایسی رہی ہے کہ وہ اپنے کام سے کام رکھتے ہیں۔ بہت معذرت کے ساتھ مودی نے بہت گھٹیا بات کی ہے کسی ملک کا وزیراعظم اس طرح کی بات نہیں کرتا۔یہ ایک نیا ہندوستان ہے یہ ہندوتوا ریپبلک بن چکی ہے ان کے شہروں میں جتھے ڈنڈے لے کر پھر رہے ہیں یہ اسٹیٹ جنگجو بنتی جارہی ہے ۔میں نے تو کہا ہے کہ ہمیں ڈیجیٹنگ بریف لے جانا چاہیے تاکہ انہیں اس طرح کی چیزیں دکھائی جائیں میں جب سفیر تھی میں نے اسکرین لگا دی تھی کہ دیکھایا جاسکے کہ کیا ہو رہا ہے ۔