اسلام آباد( نمائندہ جنگ)ممتاز ماہرین نے اس امر پر زور دیا ہے کہ فیصلہ سازی میں خواتین کی عدم شمولیت سےجمہوریت ادھوری ہے ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اپنی فیصلہ ساز مجالس میں خواتین کےلئے 33 فیصد کوٹہ لازماً مقرر کریں اور انتخابی ایکٹ 2017 میں آئینی ترمیم کے ذریعے خواتین کی سیاسی شرکت میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے۔ ماہرین نے یہ تجاویز پالیسی ادا رہ برائے پائدار ترقی کے زیر اہتمام سیاسی جماعتوں میں ہر سطح پر خواتین کی نمائندگی کیوں ضروری ہے؟کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے دیں۔ سیمینار سے کنور محمد دلشاد ،ظفراللہ خان و دیگر نے خطاب کیا،ساسابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور محمد دلشاد نے کہا کہ خواتین کےلئے جنرل نشستوں پر صرف 5 فیصد کوٹہ ہے جو مناسب انداز سے نافذ نہیں کیا جا رہا اور اس کی خلاف ورزی پر کوئی سزا بھی نہیں۔ سیاسی جماعتیں اکثر خواتین کو ایسے حلقوں سے امیدوار بناتی ہیں جہاں جیتنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں۔