• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فتنۃ الہندوستان کی اصطلاح، اعدادو شمار آڈیو وڈیو ریکارڈنگ، بھارتی میڈیا میں اضطراب

اسلام آباد(فاروق اقدس)فتنۃالہندوستان کی اصطلاح، اعدادوشمار آڈیو وڈیو ریکارڈنگ ، بھارتی میڈیا میں اضطراب ،بلوچستان میں دہشت گردی کیلئے مالی معاونت منصوبہ بندی اور کالعدم تنظیموں کو جدید اسلحے کی فراہمی کیلئے بھارت کے مرکزی کردار کی سرگرمیاں منکشف ہونے کے بعد مودی حکومت اور بھارت کی خفیہ ایجنسیوں کی پراکسیز میں اضطراب کی خبریں آ رہی ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے خضدار میں سکول بس پر حملے اور شہید ہونے والے طلبہ کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے جو پریس بریفنگ دی تھی اس میں بلوچستان میں دو دہائیوں سے بھارتی مداخلت کے مصدقہ بصری شواہد اعدادوشمار اور ناقابل تردید آڈیو اور وڈیو ریکارڈنگ بھی میڈیا کے سامنے پیش کی تھیں اور بالخصوص بلوچستان میں بھارتی کردار کے پیش نظر ’’فتنۃالہندوستان‘‘پر مودی حکومت اور اس کاکٹھ پتلی میڈیا مشتعل ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ تمام تفصیلات بھارتی حکومت اور اداروں کے پاس بھی پہنچیں جس کے بعد اس حوالے سے بھارتی میڈیا کو بھی حکومت کی ہدایت پر مبنی ٹاک شو کرنے پڑے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس طرح بلوچستان میں بھارتی اسپانسرڈ پراکسیز کی معاونت سے دہشتگرد کارروائیاں ایک بار پھر بے نقاب ہو گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسیاں ان پراکسیز کو مالی معاونت فراہم کرتی ہیں، بھارتی سپانسرڈ پراکسیز نہ صرف حملوں کی منصوبہ بندی کرتی ہیں بلکہ کالعدم تنظیموں کو تربیت اور اسلحہ بھی فراہم کرتی ہیں، سیکیورٹی ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ ان بھارتی سپانسرڈ پراکسیز کے کالعدم تنظیموں کے ساتھ نہ صرف علاج معالجے کے روابط ہیں بلکہ سرکاری سطح پر بھی رابطے قائم ہیں، بھارتی حکومت کے ساتھ ساتھ بھارتی میڈیا بھی ان دہشتگردوں کی پشت پناہی میں پیش پیش ہے۔
اہم خبریں سے مزید