کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پولیو مہم موثر بنانے کے لیے تمام ایم این ایز ایم پی ایز میئر کراچی اور چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسلز کو خط لکھ دیا ہے۔وزیراعلیٰ کاکہنا ہے کہ انسداد پولیو مہم کوہرصورت کامیاب بنانا ہوگاوالدین بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، پاکستان کو پولیو سے پاک دیکھنا چاہتاہوں ۔اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے سے منتخب تمام ایم این ایز، ایم پی ایز، میئر کراچی، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسلز، چیئرمین میونسپل کمیٹیز اور چیئرمین ٹاؤن کمیٹیز کو خط لکھا ہے جس میں تمام منتخب نمائندوں بشمول حزب اختلاف پولیو مہم کی اونر شپ لینے کی درخواست کی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا ہےکہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ میں سندھ اور پورے پاکستان کو پولیو سے پاک دیکھنا چاہتا ہوں۔مراد علی شاہ کا کہنا ہےکہ پولیو ایک انتہائی خطرناک اور مہلک بیماری ہے جو زندگی بھر کے لیے معذور کر دیتی ہے۔ اس لیے ہمیں اپنی آئندہ نسل کو اس بیماری سے بچانا ہے۔