اسلام آباد ( ایوب ناصر/نمائندہ جنگ) وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف فوری آپریشن کا فیصلہ کر لیا گیا، وزیر داخلہ محسن نقوی نے بغیر منظور شدہ گھروں اور غیر منظور شدہ ہاوسنگ سوسائٹیز کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا حکم دیتے جائزہ رپورٹ طلب کرلی ہے اور کہا ہے کہ افسران ، زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنائیں ، اتوار کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت وزارت داخلہ میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی دارالحکومت کے چیف کمشنر ، آئی جی پولیس، ڈپٹی کمشنر، ڈی آئی جیز، ایس پیز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی ۔ اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور وفاقی سیکرٹری داخلہ آغا خرم شہزاد بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں اسلام آباد میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف فوری آپریشن کا فیصلہ کیا گیا، وزیر داخلہ محسن نقوی نے بغیر منظور شدہ گھروں کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیا ۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے غیر منظور شدہ ہاوسنگ سوسائٹیز کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ افسران اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے سیٹلائٹ میپنگ کرکے ہر قسم کی غیر قانونی تعمیرات کو روکا جائے۔ محسن نقوی نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں شہریوں کو عالمی معیار کی خدمات کی فراہمی آپ سب کی پہلی ترجیح ہونی چاہئیے، شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھانہ رکھی جائے۔ انہوں نے متعلقہ ایس پیز اور اے سیز کو فعال انداز میں فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں پولیس اور انتظامیہ کے امیج کو بہتر بنانا ہے اور یہ اس وقت ممکن ہے جب شہری خود آپ پر اعتماد کا اظہار کریں، شہریوں کی سہولت کیلئے متعلقہ افسران نئے انیشیٹو لے کر آئیں، اس پر عمل میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔