• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پکا قلعہ واقعہ بے رحمی اور سفاکیت کا عملی نمونہ تھا، خالد مقبول

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے سانحہ پکا قلعہ (حیدرآباد) کی35 ویں برسی کے موقع پر شہداء کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 26 اور 27 مئی 1990ء کے روز بانیان پاکستان او ران کی آل پر ہونے والی بربریت کے زخم آج بھی تازہ ہیں اس روز جس بے رحمی اور سفاکیت کا عملی نمونہ پیش کیا گیااس کی مثال جاگتی آنکھوں سے کبھی نہ دیکھی گئی قرآن سینوں سے لگائے گھروں سے رحم کی دہائیاں دیتی ہوئی نکلی عورتوں اور معصوم بچوں کو شیطانی مسکراہٹ سجائے سفاک قاتلوں نے آتشیں اسلحے سے بھون کر رکھ دیا قاتلین معصومین کی لاشوں پر چڑھ کے فاتحانہ نعرے لگا کر خواتین اور بچوں کی آہ و بکا پر شیطانی قہقےبُلند کر رہے تھے سانحہ پکّا قلعہ سندھ کی تاریخ پر بدنما داغ اور پاکستانیت پر شب خون تھا، اس روز ہونے والے ظُلم و جبر نے گلشن میں عصبیت کے کانٹوں کو مزید تقویت دی 50سے زائد نہتے عورتوں بچوں بزرگوں نوجوانوں کو شہید اور سیکڑوں کو زخمی کردیا گیا جن کے ورثاء آج بھی پتھرائی ہوئی آنکھوں سے انصاف کے منتظر اور وحشی قاتل دندناتے ہوئے گھوم پھر رہے ہیں ستم ظریفی یہ ہے کہ معمار وطن کے خون سے رنگے ہوئے ہاتھ اپنی آزادی پر تالیاں بجا رہے ہیں اور مرنے والوں کی فائلیں تک انصاف کے مندروں میں دیمک کی خوراک بن کر ختم ہوچکی ہیں، تین دہائیوں سے زائد عرصہ بیت جانے کے باوجود انصاف کے تقاضوں پر لسانیت کا شکنجہ باعث شرم ہے، تاریخ کے انمٹ صفحات پر لکھی شہداء پکا قلعہ کی قربانی کسی قیمت پر رائیگاں نہیں جائے گی۔
اہم خبریں سے مزید