کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ ففتھ جنریشن وار کا دور ہے،دشمن بندوق کیساتھ ساتھ جھوٹے بیانیے سے حملہ آور ہے، جماعت اسلامی عوام کو ساتھ ملا کر انقلاب اور اسلامی نظام کے قیام کی جدوجہد کررہی ہے۔ اسلام اخلاقیات، معیشت، معاشرت، تجارت، قانون، تعلیم،ذاتی و معاشرتی زندگی اور حکومت و ریاست سمیت ہر معاملے میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ اسلام کے پیغام کو نشر کرنے کے لیے جو جو جدید آلات ہوسکتے ہیں انہیں استعمال کرنا ہے۔امریکہ و اسرائیل ٹیکنالوجی میں بہت آگے ہیں، ہم امریکہ و اسرائیل کی ٹیکنالوجی سے ہی ان کو شکست دیں گے، سوشل میڈیا میں ظلم کے نظام کو نہ صرف اجاگر کرنا بلکہ ظلم کے خلاف بغاوت اور اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام کی تحریک چلانا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے فاران کلب میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کے تحت سوشل میڈیا میٹ اپ بعنوان Connect karachiسے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ،حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ ملک میں اجارہ داری نظام کے ذریعے عوام کو دباکر رکھا ہوا ہے،سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کو آگاہ اوراجارہ داری نظام کے خلاف متحد کرنا ہے۔ہمارا مقصد اتحادویکجہتی پیدا کرنا اور انتشار کا خاتمہ، نوجوانوں کو امپاور کرنا ہے اورجو لوگ معاشرے میں نوجوانوں کو نشے کا عادی بنارہے ہیں ان کے خلاف تحریک چلاناہے۔ شہر میں فیکٹریوں میں کام کرنے والی خواتین کے لیے کوئی آواز نہیں اٹھاتا۔ لاکھوں کی تعداد میں عورتیں دیہاڑی دار ملازم کے طور کام کرتی ہیں انہیں ملازمت کے حقوق حاصل نہیں۔فیکٹریوں میں کام کرنے والی خواتین کی آواز بننے کی ضرورت ہے۔حکومت و ریاست کے تحت تعلیم کا نظام یکساں ہونا چاہیے تھا لیکن یہاں بھی تقسیم پیدا کی گئی ہے۔تعلیم کو بھی خریدا جاتا ہے۔ پاکستان میں رہنے والے ہر بچے اور بچی کا حق ہے کہ اسے معیاری اور مفت تعلیم دی جائے۔ دہائیاں گزر گئیں ہیں عوام اپنے حق سے محروم ہیں۔