ملتان (سٹاف رپورٹر)) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے چلڈرن کمپلیکس میں نیورالوجی وارڈ اور 2 نئے میڈیکل یونٹس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات، ادویات کے سٹاک اور صفائی کی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا،انہوں نے اس موقع پر ڈین چلڈرن کمپلیکس کو صفائی کی صورتحال مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اور مریض بچوں کے لواحقین سے ملاقات کرکے دستیاب سہولیات پر ان کے تاثرات سنے۔کمشنر نے بچوں میں مٹھائیاں اور تحائف بھی تقسیم کیے، اس موقع پر ڈین چلڈرن کمپلیکس پروفیسر ڈاکٹر کاشف چشتی اور دیگر فیکلٹی ممبران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔دریں اثنا کمشنرعامر کریم خاں نے عام خاص پارک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ افسران کو دو ہفتے کی ڈیڈ لائن دے دی،کمشنر نےگرمیوں کے پیش نظر پارکوں میں پینے کے ٹھنڈے پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے، پارک کے داخلی راستے، خصوصاً حافظ جمال کی جانب سے آنے والے راستے پر ٹف ٹائلز لگانے اورپارک میں موجودپختہ بینچوں کی فوری مرمت اور بحالی کا بھی حکم دیا ۔کمشنرنے پارک کے واش رومز کی خراب حالت پر سخت برہمی کا اظہار کیا ۔