کوئٹہ(خ ن)صوبائی مشیر ماحولیات و موسیمیاتی تبدیلی نسیم الرحمٰن ملاخیل نے یومِ تکبیر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 28 مئی 1998 کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک تاریخی لمحہ ہے، جب بلوچستان کی سرزمین پر چاغی کے پہاڑوں میں ایٹمی دھماکے کر کے وطن عزیز نے اپنا دفاع ناقابل تسخیر بنایا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کی دھرتی نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ یہ دن ہمارے قومی اتحاد، سائنسی ترقی اور خودمختاری کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے جس جذبے سے اپنی سلامتی کو یقینی بنایا اس کا عملی مظاہرہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں ساری دنیا نے دیکھ لیا ۔ اب اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ ملک پر کوئی میل آنکھ ڈالنے کی جرأت کرسکے، اب اسی جذبے کے ساتھ ہمیں اپنے قدرتی ماحول کی حفاظت بھی کرنی چاہئے،چاغی کے پہاڑ آج بھی ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ قربانیاں دے کر ہی قومیں اپنا مقام بناتی ہیں ،اب وقت ہے کہ ہم ماحولیات کے تحفظ کو بھی قومی ذمہ داری سمجھیں۔