سارہ عمیر اور محسن طلعت کی ڈرامائی محبت کی کہانی سامنے آگئی، اداکارہ نے 20 سال پر محیط محبت کے سفر کی دل چھو لینے والی داستان بیان کردی۔
سابقہ پاکستانی اداکارہ سارہ عمیر جنہوں نے نہایت کم عمری میں اداکاری کا آغاز کیا، حال ہی میں نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں جلوہ گر ہوئیں اور اپنی محبت اور شادی کی کہانی کھل کر سنائی۔
سارہ عمیر نے اپنے کیریئر کا آغاز 2008ء میں پی ٹی وی کے ڈرامے سے کیا، بعد ازاں وہ کئی مشہور ڈراموں کا حصہ بنیں، 2014ء میں شادی کے بعد میڈیا انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کر لی۔
سارہ عمیر نے بتایا کہ میری کہانی سب کو معلوم ہے، ہماری محبت کو 20 سال ہو چکے ہیں، مگر شادی کو 9 سال ہوئے ہیں، میں نئی نئی انڈسٹری میں آئی تھی اور محسن طلعت کے پاس آڈیشن دینے گئی، میں نے سوچا کہ وہ کوئی بوڑھے صاحب ہوں گے، لیکن جب دفتر پہنچی تو ایک نوجوان بیٹھا تھا، میں نے پوچھا ڈائریکٹر سے ملنا ہے تو کہنے لگے جی میں ہی محسن طلعت ہوں۔
سارہ نے ہنستے ہوئے کہا آڈیشن دینے گئی تھی، دل دے آئی، ان کی بات کرنے کا انداز بہت شائستہ تھا اور میں وہیں ان کی دیوانی ہو گئی، ایسے مرد کم ہی دیکھے ہیں، میرے خاندان میں اکثر مرد بلند آواز اور سخت مزاج ہیں، محسن نے میری سوچ بدل دی۔
اداکارہ کے مطابق ہماری شادی اس لیے چل رہی ہے کیونکہ میرے شوہر میں بےپناہ صبر ہے، ہم نے بہت رکاوٹیں برداشت کیں، لیکن اللّٰہ نے نیت دیکھی اور ہم کامیاب ہوگئے۔