کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف درخواست پر کے الیکترک سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سعود آباد اور ورکس سوسائٹی میں 15 سے 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ بل وقت پر ادا کرتے ہیں، علاقے میں کوئی لائن لاسز بھی نہیں ہیں پھر بھی بجلی بند کردی جاتی ہے۔ علاقے میں کوئی ڈیفالٹر نہیں ہے بروقت بجلی کا بل ادا کرنے کے باوجود طویل لوڈشیڈنگ نے جینا محال کردیا ہے۔ کے الیکٹرک کے وکیل نے کہا کہ چند دن میں درخواست گزار کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر سندھ ہائی کورٹ برہم ہوگئی۔ جسٹس آغا فیصل نے ریمارکس دیئے کہ جو بھی کرنا ہے کریں مگر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ عدالت نے شہری کی درخواست پر کے الیکترک سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔