کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ بھر کی جامعات میں کوالٹی کلچر کو فروغ دینے کی جانب ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے، سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن (سندھ ایچ ای سی) نے انٹرنل کوالٹی ایشورنس (آئی کیو اے) فریم ورک پر ایک مفصل اور جامع تربیتی سیشن کا انعقاد کیا۔ یہ یک روزہ ورکشاپ 29 مئی جمعرات کو سلیم حبیب یونیورسٹی میں منعقد ہوا، جس میں سندھ بھر کی سرکاری اور نجی شعبے کی یونیورسٹیوں کے سینئر فیکلٹی ممبران اور کوالٹی ایشورنس پروفیشنلز سمیت تقریباً 100 افراد نے شرکت کی۔ سیشن کے ریسورس پرسن ڈاکٹر عبدالواحد عثمانی تھے جو جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے سربراہ اور انٹرنیشنل کوالٹی ایشورنس کے ماہر ہیں۔ اپنے وسیع تجربے سے ، ڈاکٹر عثمانی نے شرکاء کو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں انٹرنل کوالٹی کا نظام مرتب کرنے اور اسے مستحکم کرنے کے اہم پہلوئوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے عالمی معیارات، مثلاً یورپی معیارات (ای ایس جی) کی مثالیں بھی شیئر کیں، تاکہ یونیورسٹیوں کو بین الاقوامی معیارات کے ساتھ اپنے اسٹرکچر کو بہتر طریقے سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملے۔