ٹوکیو(عرفان صدیقی) وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا ہے کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو فروغ دینے کے لیے حکومت پاکستان بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت دوطرفہ تجارت کا حجم توقعات سے کم ہے اور زیادہ تر جاپان کے حق میں ہے، تاہم موجودہ حکومت اس توازن کو بہتر بنانے اور پاکستانی مصنوعات کی جاپانی منڈیوں تک رسائی بڑھانے کے لیے حکمت عملی پر عمل پیرا ہے، اوور سیز پاکستانیز معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ یہ بات انہوں نے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں پاکستانی سفارتخانے میں منعقد ایک خصوصی کاروباری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں جاپان کی ممتاز کاروباری و سیاسی شخصیات کے ساتھ ساتھ جاپان میں مقیم معزز پاکستانی کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی۔ تقریب کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو فروغ دینا، سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنا اور پاکستانی مصنوعات و خدمات کو جاپانی مارکیٹ میں متعارف کرانا تھا۔