کراچی (جنگ نیوز)ملکی سمت اور معیشت سے مطمئن پاکستانیوں کی شرح 6سال کی بلند ترین سطح پرآگئی ،سروے،42فیصد کا ملکی سمت پر اطمینان کا اظہار ، خیبرپختونخوا سب سے زیادہ مطمئن ملک کی معاشی اور مجموعی صورتحال سے مطمئن پاکستانیو ں کی شرح میں اضافہ ہوا ہے اور یہ 6سال کی بلند ترین سطح پرآگئی ہے ،ملکی معاشی مستقبل سے پُرامید پاکستانیوں کی شرح بھی پہلی بار مایوس افراد سے زیادہ ہوگئی البتہ سروے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور ٹیکسوں میں اضافے پر پاکستانیوں کی تشویش میں اضافہ ہوا ہے ۔اس بات کاانکشاف اپسوس پاکستان کے کنزیومر کانفیڈنس سروے 2025کی دوسری سہہ ماہی کی رپورٹ میں ہوا ، جس میں ملک بھر سے ایک ہزار سے زائد افراد نےحصہ لیا، سروے میں اس سوال پر کہ کیاپاکستان کی مجموعی سمت درست ہے؟ 42فیصدپاکستانیوں نے ملکی سمت پر اطمینا ن کااظہار کیااور اسے درست کہا جبکہ سمت کو غلط کہنے والوں کی شرح 58فیصد پر دیکھی گئی ،2019میں 21فیصد ملکی سمت کو درست جبکہ 79 فیصد غلط کہتے تھے،اس سوال پر صوبوں سے حاصل جوابات کو دیکھا جائے ، تو ملکی سمت پر سب سے زیادہ اعتماد خیبرپختونخوا سے 48فیصد افراد نے کیا ،جس کے بعد پنجاب میں 42فیصد ، بلوچستان میں 38فیصد جبکہ سندھ سےسروے میں شامل 34فیصد افراد نے ملکی سمت پر اعتمادکا اظہار کیا۔