• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بشریٰ انصاری بھارتی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئیں

کراچی( رپورٹ/ اختر علی اختر)بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ بشریٰ انصاری ان دِنوں بھارتی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ پاک بھارت جنگ تو تھم گئی، لیکن جاوید اختراور بشریٰ انصاری کے مابین بیانات کی جنگ جاری ہے۔ بھارتی میڈیا بشریٰ انصاری کے بیان کو لے کر جاوید اختر سے سوالات کرتا ہے تو شبانہ اعظمی کے شوہر غصے میں آجاتے ہیں۔آخر کار ان کو بولنا پڑا۔ بھارت کے معروف نغمہ نگار اور اسکرین رائٹر جاوید اختر نے پاکستانی اداکارہ بشریٰ انصاری کے اس دعوے کا جواب دیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’’جاوید اختر ممبئی میں گھر بھی کرائے پر نہیں لے سکتے۔‘‘ بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں جب جاوید اختر کو بتایا گیا کہ بشریٰ نے ان سے کہا کہ وہ پہلگام حملوں پر بولنے کے بجائے نصیرالدین شاہ کی طرح خاموش رہیں، تو جاوید اختر نے اس کا دوٹوک جواب دیا۔ جاوید اختر نے کہا:’’ایک مشہور پاکستانی ٹی وی اداکارہ بشریٰ انصاری ہیں، جنہوں نے غصے سے پوچھا کہ میں خاموش کیوں نہیں رہتا؟انہوں نے کہا کہ مجھے نصیرالدین شاہ کی طرح خاموش رہنا چاہیے،مگر وہ کون ہوتی ہیں، مجھے یہ کہنے والی؟ مجھے چاہے جتنے بھی مسئلے ہوں، میں ان کے مقابلے میں ایک ہندوستانی ہوں۔‘‘ جب جاوید اختر سے بشریٰ انصاری کے اس بیان کے بارے میں پوچھا گیا کہ وہ ممبئی میں گھر بھی کرائے پر نہیں لے سکتے، تو انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا:’’ہاں، میں اور شبانہ آج کل فٹ پاتھ پر سوتے ہیں۔‘‘ اس کے بعد انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات سچ ہے کہ شبانہ نے تقریباً 25 سال پہلے ایک فلیٹ خریدنے کی کوشش کی تھی، لیکن انکار کر دیا گیا تھا،کیونکہ وہ مسلمان ہیں۔ وہ لوگ جنہوں نے انکار کیا، ان کے والدین سندھ سے آئے تھے۔ انہیں تقسیم کے وقت بے دخل کر دیا گیا۔ وہ زخم آج بھی تازہ ہیں، اور ان کی کڑواہٹ ہم پر نکالی گئی،مگر اس کی ذمے داری کس پر ہے؟ ہمیں بھارت سےبے پناہ محبت ملی ہے، بشریٰ انصاری کو اپنے ملک کی تاریخ پر بھی نظر ڈالنی چاہیے۔‘‘ یاد رہے کہ چند روز قبل بشریٰ انصاری نے جاوید اختر کو ان کے بھارت نواز بیان پر طنز کرتے ہوئےکہا تھا کہ’’انہیں تو ہرزہ سرائی کا بہانہ چاہیے تھا، اصل میں انہیں ممبئی میں مکان کرائے پر نہیں ملتا تھا، مسلمان ہی نہیں ہیں، وہ تو اللہ جانے کون بن گئے ہیں، مجھے نہیں سمجھ آتی۔
اہم خبریں سے مزید