سنگاپور(نیوز ڈیسک)سنگاپور میں ہونے والے شنگریلا سیکیورٹی ڈائیلاگ میں طویل عرصے سے جاری امریکا اور چین کی کشمکش نمایاں رہی ،پاکستان اور بھارت کے فوجی وفود نے شرکت مگر ایک دوسرے کو نظر انداز کیا گیا ،امریکی وزیر دفاع نے یورپ کو اپنی سیکورٹی پر توجہ دینے کا مشورہ دیا جبکہ یورپی ممالک یورپ اور ایشیا دونوں میں سیکورٹی کردار کو متوازن رکھنے کے خواہاں ہیں۔برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس بار بیجنگ کی نسبتاً عدم موجودگی نے ایک نیا تنازع اجاگر کیا،اپنے خطاب میں امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے واضح کیا کہ وہ چاہتے ہیں کہ یورپی ممالک اپنی سیکیورٹی پر زیادہ توجہ دیں اور دفاعی بجٹ میں اضافہ کریں،انہوں نے کہا کہ ہم یہ پسند کریں گے کہ یورپی سرمایہ کاری کی بھاری اکثریت اسی براعظم پر مرکوز ہوتاکہ جب ہم شراکت کریں، جیسا کہ ہم کرتے رہیں گے، تو ہم اپنے انڈوپیسیفک فوائد سے یہاں کے شراکت داروں کی مدد کر سکیں۔