کراچی(اسٹاف رپورٹر) فیصل آباد سے کراچی آنے والی 10 سالہ بچی کو مبینہ طور پر ٹرین سے اغوا کر لیا گیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی، والدہ شگفتہ بی بی کے مطابق، وہ تین بچوں کے ہمراہ شالیمار ایکسپریس کے ذریعے سفر کر رہی تھیں۔ والدہ نے بتایا کہ سکھر اسٹیشن کے قریب انکو اور بڑی بیٹی کو ساتھ موجود دیگر مسافروں نے لسی پلائی، جس کے باعث انہیں نیند آ گئی۔ جب لانڈھی اسٹیشن پہنچنے سے قبل آنکھ کھلی تو عنایہ اپنی جگہ پر موجود نہیں تھی اور کیبن میں ساتھ سفر کرنے والے افراد بھی غائب تھے۔ ایس ایچ او تھانہ کینٹ اسٹیشن اصغر بروہی کے مطابق والدہ کی جانب سے اطلاع دینے پر ٹرین میں موجود پولیس اہلکاروں نے ٹرین میں والدہ کے ہمراہ بچی کو تلاش کیا لیکن کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔