کراچی (ذیشان صدیقی/ اسٹاف رپورٹر) کراچی کے ڈی ایچ اے سنیما میں۔ جیوفلمز کے بینر تلے بننے والی فلم "دیمک" کا رنگا رنگ پریمئیر ہوا جس نے فن فینز اور فلم کی کاسٹ کو ایک جگہ سجا دیا، ستاروں سے جگ مگ کرتی شام میں فیصل قریشی،سونیا حسین، ثمینہ پیرزادہ،جاوید شیخ سمیت معروف فنکاروں نے شرکت کی، سرخ قالین پر خوشگوار مسکراہٹیں اور مداحوں کی خوشی نے فلمی جشن کی شان بڑھائی۔ فنکاروں کاکہناتھا کہ "دیمک" صرف فلم نہیں، ایک احساس ہے،ایسا تجربہ جو ناظرین کو سینما کھینچ لائےگا۔ ناظرین نے کہاکہ پردے پر پیش کی گئی کہانی میں خوف اور سسپنس تھا،،، ہر سین نے دل کی دھڑکنیں بڑھائیں۔ فلم بینوں نے کہا دیمک دیکھ کر ایسا لگ رہاتھا جیسے بڑے پردے پر انسانوں کے ساتھ اصل جنات کو دیکھ رہے ہیں۔“ مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے تحت جیوفلمز کے بینر تلے بننے والی فلم عیدالضحی پر سینما گھروں کی زینت بنےگی اس موقع پر فلم بینوں اور نوجوانوں نے فلم کی کہانی، اداکاری اور ہدایتکاری کو بھرپور داد دی۔ خوف، وحشت، دہشت، جنات اور رشتوں کی اُلجھنوں پر مبنی کہانی جب بڑی اسکرین پر شروع ہوئی تو آغاز سے اختتام تک سینما ہال میں جذباتی مناظر پر خاموشی، ہارر سین پر خوف اور انٹرٹینمنٹ والے سین پر ہال میں قہقہوں کی گونج بھی سنائی دیتی رہی۔ کئی دِل چھولینے والے مناظر پر نوجوانوں نے تالیاں بجا کر اپنی پسندیدگی کا اظہار بھی کیا۔ فلم کے اختتام پر ناظرین فلم کی کاسٹ کو داد دیتے نظر آئے۔ اس موقع پر فلم کے ہدایتکار رافع راشدی فلم کے مرکزی اداکار فیصل قریشی، سونیا حسین، ثمینہ پیر زادہ، جاوید شیخ، بشریٰ انصاری اور دیگر بھی موجود تھے۔ نوجوانوں نے فلم کی اسٹار کاسٹ کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں، آٹو گراف لیے، اُن کے کام کو دِل کھول کر سراہا اور اپنے پسندیدہ اداکاروں سے گفتگو بھی کی۔ دوسری جانب فلم کی کاسٹ نے بھی اپنے پرستاروں سے خوشدلی سے ملاقات کی اور ان کے جذبات کو سراہا۔ یاد رہے کہ ”جیوفلمز“ اس سے قبل بھی کئی مشہور اور شاہکار فلمیں اپنے ناظرین کیلئے پیش کر چکا ہے اِن میں ”خدا کے لیے، بول، طیفا اِن ٹربل، دی لیجنڈ آف مولا جٹ، ڈونکی کنگ اور گلاس ورکر“ شامل ہیں۔